10 اگست ، 2020
ایوی ایشن ڈویژن نے پائلٹس کو جعلی اور مشکوک لائسنس جاری کرنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران اور ملازمین کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے سے متعلق ایوی ایشن ڈویژن نے کیس وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) کو بھی ارسال کردیا ہے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 193 پائلٹوں کے لائسنس مزید 3 ماہ تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے 7 جولائی کو ایک ماہ کے لیے جعلی اور مشکوک لائسنس معطل کرنے کی منظوری دی تھی۔
ایوی ایشن ڈویژن نے 31 اکتوبر تک لائسنس معطل رکھنے کے لیے سمری کابینہ کو ارسال کردی ہے، اب تک 28 پائلٹوں کے لائسنس جعلی ہونے کی بنیاد پر منسوخ کیے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد امریکا ، برطانیہ اور یورپی یونین نے پی آئی کے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی پاکستانی پائلٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔