'حکومت کو سہولت بھی دیں اور اپوزیشن بھی کریں، دونوں چیزیں ساتھ نہیں چل سکتیں'

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذریعے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لاہور میں نیب دفتر کے باہر ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاست میں ہم ان رویوں کی مذمت کرتے ہیں اور نیب کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

 مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب اب بہانے بنارہاہے کہ ہم نے صرف مریم نواز کو بلایا تھا، نیب کا عذر اب بدتر ازگناہ ہے جسے قبول نہیں کیاجاسکتا، کارکنوں کا جمع ہونا ان کا حق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب کے ذریعے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ،یہ لوگ ایسی شرارتیں سوچتے ہیں کہ ایسے موقعوں پر شیطان کو  بھی نہ سوجھ سکے۔

 سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن یکسو نہ ہوسکی اس لیے سب یہ خمیازہ بھگت رہے ہیں، حکومت کو سہولت بھی مہیا کریں اور اپوزیشن بھی کریں یہ دونوں چیزیں ساتھ نہیں چل سکتیں،جب تک اپوزیشن یکسو نہیں ہوگی ان ظالمانہ اقدامات اور ناجائز حکومت کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کرسکے گی۔

نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے: اسفند یار ولی

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بھی مریم نواز اور ن لیگ کے کارکنوں پرپولیس شیلنگ اورپتھراؤ کی مذمت کی ہے۔

 اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ سیاسی لیڈر کی گاڑی پرپتھراؤ اورحملہ آمریت کی نشانی ہے،نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر ڈرامہ بند ہونا چاہیے، نیب پیشیوں کے ساتھ ساتھ اب تشدد بھی کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :