11 اگست ، 2020
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں کرنٹ لگنے سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سمیت 4 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا جس میں قتل بل السبب کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ متوفی فیضان کے چچا محمد فیاض کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے متن کے مطابق فیضان کا تعلق مانسہرہ سے ہے اور وہ مانسہرہ سے کراچی گھومنے آیا تھا، چہل قدمی کے لیے فیضان کے ساتھ باہر نکلے تھے۔
چچا محمد فیاض نے کہا کہ کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کا دروازہ نہیں تھا، فیضان اندر گیا اور اسے کرنٹ لگ گیا، فیضان کرنٹ لگنے کے بعد ہلاک ہوا تو کے الیکٹرک نے الزام لگایا کہ چوری کر رہا تھا۔
خیال رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں کرنٹ لگنے سے فیضان جاں بحق ہوگیا تھا۔
آج صبح ہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کے الیکٹرک کے تفصیلی آڈٹ کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی ریمارکس دیے تھے کہ شہر میں کرنٹ لگنے سے جتنی ہلاکتیں ہوئی ان کے مقدمات میں سی ای او کے الیکٹرک کا نام شامل کیا جائے۔