نیب آفس کے باہر سے گرفتار ن لیگی کارکنان 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

لاہور: گزشتہ روز  نیب آفس کے باہر سے توڑ  پھوڑ کے الزام میں گرفتار  ن لیگی کارکنوں کو  14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے گرفتار 56 کارکنوں کو ہتھکڑیاں لگا کر  جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں گرفتار ملزموں کی حاضری لگائی گئی جب کہ گرفتار کارکنوں کی ضمانت کے لیے ن لیگ کی لیگل ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔ 

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں سے برآمدگی اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔

مقامی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گرفتار  ن لیگی کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا دیا۔

خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز مریم نواز کو پراپرٹی کیس میں طلب کیا تھا تاہم نیب لاہور کے باہر پتھراؤ، لاٹھی چارج، نعرے، شیلنگ اور بد نظمی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بیان ریکارڈ نہ کراسکیں اور نیب نے انہیں واپس جانے کا کہہ دیا تھا۔

مزید خبریں :