12 اگست ، 2020
کراچی: سپریم کورٹ نے شہر کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو دینے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معاملے پر چیف جسٹس کی سربراہی میں سماعت ہوئی جس سلسلے میں کمشنر کراچی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت میں پیش ہوئے۔
کمشنر کراچی نے تجاوزات کے معاملے پر رپورٹ عدالت میں پیش کی جس پر سپریم کورٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 38 بڑے نالے ہیں اور 514 چھوٹے نالے ڈی ایم سیز کے پاس ہیں، تین بڑے نالوں کی صفائی پر این ڈی ایم اے کام کررہی ہے۔
عدالت نے رپورٹ پر سندھ حکومت اور لوکل گورنمنٹ پر اظہار برہمی کیا۔
چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے مکالمہ کیا کہ آپ کچھ نہیں کر پائے، ہیلی کاپٹر پر چکر لگا کر واپس آجاتے ہیں۔
عدالت نے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو دینے کا حکم دے دیا اور کہا کہ این ڈی ایم اے تجاوازت اور دیگر مسائل بھی دیکھے گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ سندھ حکومت این ڈی ایم اے کی کو مدد فراہم کرے ۔