12 اگست ، 2020
سفر کے دوران ہم میں سے اکثر لوگوں کا والٹ اور موبائل وغیرہ چوری یا گُم ہوجاتا ہے لیکن ایسے بہت ہی کم خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں جنہیں ان کا گُما ہوا سامان واپس مل جاتا ہے۔
حال ہی میں بھارتی پولیس نے شہری کا 14 سال قبل چوری ہونے والا والٹ ڈھونڈ لیا اور اسے مالک کے حوالے کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیمانت پڈالکار کا والٹ 2006 میں ممبئی کی لوکل ٹرین میں دوران سفر چوری ہوگیا تھا جس میں 900 روپے موجود تھے۔
ہیمانت کو 14 سال بعد اب ریلوے پولیس کی جانب سے ایک کال موصول ہوئی جس میں پولیس نے بتایا کہ ان کا 14 سال قبل چوری ہونے والا والٹ ڈھونڈ لیا گیا ہے۔
بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہیمانت پڈالکار اپنا 14 سال قبل چوری ہونے والا والٹ پولیس سے لینے کے لیے اسٹیشن نہیں جا سکے تھے لیکن اب لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد یہ پولیس اسٹیشن پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کے والٹ میں 900 روپے تھے جس میں ایک 500 کا نوٹ تھا جو کہ اب چلنا بند ہوگیا ہے جب کہ پولیس نے انہیں 300 روپے دیے اور 100 روپے اسٹیمپ پیپر ورک کے لیے رکھ لیے۔
ہیمانت نے بتایا کہ 500 کا وہ نوٹ جو اب چلنا بند ہوگیا تھا وہ اسے نئی کرنسی نوٹ سے ایکسچینج کروا لیں گے۔
مقامی پولیس کے مطابق ہیمانت پڈالکار کا والٹ چوری کرنے والے ملزم کو کچھ وقت قبل گرفتار کرلیا گیا تھا۔