12 اگست ، 2020
سابق صدر آصف علی زرداری نے توشہ خانہ ریفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا۔
میڈیکل رپورٹ کے ہمراہ جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہےکہ ڈاکٹرز نے سفر سے منع کیا ہے، اس لیے عدالتی حکم کے تحت 17 اگست کو عدالت پیش نہیں ہوسکتا۔
آصف زرداری کی جانب سے اسد عباسی ایڈووکیٹ نے احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائی ہے کہ وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور اور عمر زیادہ ہونے کے باعث کورونا کا بھی خدشہ ہے، ڈاکٹرز نے اسلام آباد یا کسی بھی اور جگہ سفر سے منع کر رکھا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جان کے خطرے کے پیش نظر عدالتی احکامات کے تحت 17 اگست کو عدالت پیش نہیں ہو سکتے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی جائے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس میں 30 جون کو سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17 اگست کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔
اسی ریفرنس میں عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مفرور قرار دے کر بذریعہ اشتہار طلبی کے احکامات جاری کر تے ہوئے اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔