07 ستمبر ، 2012
لندن… کلسٹر بموں کی مخالف تنظیم ”کلسٹر مونیشن کولیشن“ نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں کلسٹر بم رکھنے والے ممالک نے تقریباً ساڑھے سات لاکھ سے زائد بموں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ تنظیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2008ء میں طے پانے والے معاہدے کے تحت کلسٹر بم رکھنے والے دنیا کے بیشتر ممالک نے اب تک تقریباً ساڑھے سات لاکھ سے زائد کلسٹر بم تلف کر دیئے ہیں جو مزید 85 ملین چھوٹے بموں پر مشتمل تھے۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے 40 برسوں کے دوران مختلف جنگوں کے دوران کلسٹر بموں کے استعمال سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر تعداد بچوں کی ہے۔ تنظیم کی سربراہ میری درہم کے مطابق انہیں شام اور سوڈان میں کلسٹر بموں کے استعمال کی رپورٹیں ملی ہیں جن میں 55 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ میری نے کہاکہ تقریباً دنیا کے 111 ممالک اس معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں جن میں صرف 75 ملکوں نے اس معاہدے کی توثیق کی ہے اور اسے ملکی قانون کی شکل دیدی ہے۔