07 ستمبر ، 2012
انقرہ… ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کا کوئی امکان نہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا ارتکاب کیا گیا تو یہ پورے خطے کی تباہی کا باعث بنے گا۔ امریکی ٹیلی ویژن سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی طرف سے مستقبل قریب میں ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کا امکان نہیں تاہم اگر کوئی غلط قدم اٹھایا گیا تو یہ پورے خطے کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت خطے کو امن و استحکام کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل ایران کی ایٹمی تنصیبات پر کئی بار پہلے بھی حملے کی دھمکیاں دے چکا ہے تاہم ایران کئی بار کہہ چکا ہے کہ این پی ٹی معاہدے کے رکن ہونے کے ناطے وہ اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرح آگاہ ہے اور ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کا رکن ہونے کے ناطے اسے پرامن ایٹمی توانائی استعمال کا پورا حق حاصل ہے۔