15 اگست ، 2020
پولیس نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) اسٹیشن میں توڑ پھوڑ اور سیکیورٹی گارڈز پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا۔
گزشتہ روز پشاور بی آر ٹی اسٹیشن میں سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں چند افراد نے سیکیورٹی گارڈز کو زدوکوب کیا اور کپڑے پھاڑے۔
پولیس نے اسٹیشن میں تصادم میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
دوسری جانب سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز منصورامان نے مختلف بی آرٹی اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی کے تمام اسٹیشنز پر پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں اور ہراسٹیشن پر 4 اہلکار تعینات ہوں گے اور 2 شفٹوں میں 240 پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیٹرولنگ پولیس بھی ہوگی جب کہ بی آرٹی کنٹرول روم میں پولیس فوکل پرسن بھی تعینات کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور بس منصوبے کا افتتاح 13 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔