15 اگست ، 2020
لاہور کی سیشن عدالت نے مسجد میں مبینہ رقص کی عکس بندی کے کیس میں اداکارہ صباقمر اور گلوکار بلال سعید کی 25 اگست تک عبوری ضمانت منظورکرلی۔
ضمانت کی درخواست میں ملزمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں بے بنیاد اور جھوٹے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اورمقدمہ 17 دن کی تاخیر سے درج کیاگیا، الزامات بے بنیاد ہیں۔
عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی گرفتاری روکتے ہوئے انہیں تفتیش میں شامل ہونےکاحکم دیا ہے۔
عدالت نے صبا قمر اوربلال سعید کو 50،50 ہزار روپےکے مچلکے جمع کرانےکاحکم دیتے ہوئے 25 اگست کوتھانہ اکبری گیٹ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہٰذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔