16 اگست ، 2020
وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ہوگا۔
کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم ارکان کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں جس میں ایک مشاورتی کمیٹی بنانے اتفاق ہوا ہے۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا کراچی کی تعمیرکے لیے اتحاد و اتفاق خوش آئند ہے، تینوں جماعتوں کا کراچی کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم عوام کے لیے خوشخبری ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی سے متعلق وفاق اور این ڈی ایم اے کو خوش آمدید کہا اور سندھ حکومت ہر اس جماعت یا فرد کو خوش آمدید کہے گی جو کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ اور بالخصوص کراچی نے ریکارڈ ترقی کی ہے، انہوں نے ایک دن میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نےکراچی کی ترقی کے لیے جو اقدامات کئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مشاورتی کمیٹی بنائی جا رہی ہے، کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کمیٹی میں شامل ہوں گے اور سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔