Time 16 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تین بڑی سیاسی جماعتوں کی بیٹھک

کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کی اسلام آباد اور کراچی میں دو اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی اور ناصر شاہ شامل تھے جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء اسد عمر اور علی زیدی نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل بھی شریک تھے جب کہ ملاقات کا ایجنڈا کراچی میں انفرا اسٹریکچر کی بہتری کے کاموں کو آگے بڑھانا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مشاورتی کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کمیٹی میں شامل ہوں گے جب کہ سندھ کی جانب سے مراد علی شاہ، ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء سے ملاقات صوبے کی بہتری کے لیے کی ہے، اجلاس میں این ڈی ایم اےکے چیئرمین بھی شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ترقیاتی کاموں اور  مسائل کے حل سے متعلق بات ہوئی، کراچی کی بہتری اورپورے صوبےکے لیے سندھ حکومت کام کررہی ہے۔

اس متعلق سے ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مقامی افراد کو مکمل اختیار دیے بغیر کراچی کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔

مزید خبریں :