Time 16 اگست ، 2020
کھیل

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی بارش سے متاثر

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کا چوتھا روز بھی خراب موسم کا شکار ہوگیا۔

چوتھے روز بارش کے باعث صرف 10.2 اوورز کا کھیل ہی ہوسکااور کھیل ختم کردیا گیا۔

چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنا رکھے تھے، رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

محمد رضوان نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی اور وہ اپنے اسکور میں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد اسٹیورٹ براڈ کا شکار ہو گئے اور  پوری پاکستانی ٹیم  پہلی اننگز میں صرف236 رنز ہی بناسکی۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ نے 4 جب کہ جیمز اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 72، عابد علی نے 60، بابراعظم نے 47 اور اظہر علی نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔

انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں اوپنر روری برنس بغیر کوئی رنز بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کل 5 اوورز ہی کھیل سکی اور خراب موسم اور بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔

کھیل رکنے سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کی پہلی اننگز 236 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنائے ہیں۔

مزید خبریں :