14 اگست ، 2020
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی نصف سنچری اور بارش نے پاکستان ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔
انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز مہمان ٹیم 9 وکٹ پر 223رنز اسکو ر کرنے میں کامیاب رہی، محمد رضوان 60 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
ساؤتھمپٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا آغاز بارش اور خراب روشنی کے سبب تاخیر سے ہوا۔
پاکستان نے 126 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ بیٹنگ شروع کی، 25 رنز پر ناقابل شکست رہنے والے بابر اعظم انفرادی اسکور میں مزید 22 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔
ایک اینڈ پر محمد رضوان انگلش بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، اس دوران یاسر شاہ 5، شاہین آفریدی صفر اور محمد عباس 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری 104 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے بنائی، پورے دن کے کھیل میں صرف 40 اعشاریہ 2 اوورز کا کھیل ہوسکا جس میں پاکستان نے 9 وکٹ پر 223رنز بنالیے۔
رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی تین وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔