شہباز شریف اور حمزہ سمیت 16 ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس دائر

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سمیت 16 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔

نیب کی جانب سے 7 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس نیب عدالت کے ایڈمن جج کی عدالت میں دائر کیا گیا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس 55 جِلدوں پر مشتمل ہے جس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حمزہ شہباز، رابعہ، نصرت شہباز اور نثار احمد سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں۔

ریفرنس کے مطابق شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف چار ملزمان وعدہ معاف گواہ بن گئے جن میں شاہد رفیق، یاسر مشتاق، محمد مشتاق اور آفتاب محمود شامل ہیں۔

ریفرنس میں حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف بیرون ملک پیسہ بھجوانے کا الزام ہے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ حمزہ شہباز جیل میں قید ہیں اور سلیمان شہباز ملک سے باہر موجود ہیں۔

مزید خبریں :