18 اگست ، 2020
وفاقی حکومت نے 2 سال مکمل ہونے پر اپنی کارکردگی رپورٹ میں احتساب کے آزاد اور خودمختار ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کو بھی شامل کرلیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے جاری کتابچے میں نیب کی کارکردگی حکومتی کارکردگی کے طورپر دکھائی گئی۔
حکومتی کارکردگی رپورٹ کے مطابق نیب کو دو سال میں 75268 شکایات ملیں اور نیب نے دو سال میں 332 ریفرنس دائر کیے جن میں سے 270 ریفرنسز پر فیصلے ہوئے۔
حکومتی کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 سال میں نیب نے براہ راست 20.495 ارب روپے برآمد کیے اور بالواسطہ طورپر 314.759 ارب روپے برآمد کیے ہیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن الزام عائد کرتی رہی ہے کہ نیب آزاد ادارہ نہیں بلکہ حکومتی ادارہ بن چکا ہے لیکن اب حکومتی کارکردگی رپورٹ میں نیب کی شمولیت نے ادارے کی آزادانہ حیثیت پر ایک اور سوال کھڑا کردیا ہے۔