نیب کی کارکردگی حکومتی کارکردگی بتانے والے وزیر اطلاعات خود نیب سے غیر مطمئن

ذاتی طورنیب کی کارگردگی سے خوش نہیں، تسلیم کرتے ہیں ملک میں چینی، آٹے سمیت عام آدمی کے استعمال کی 17 اشیاء مہنگی ہوئیں، شبلی فراز— فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

وفاقی وزیر  برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو حکومتی ادارہ قرار دے دیا۔

گزشتہ روز وفاقی حکومت نے 2 سالہ کارکردگی رپورٹ میں ملک میں احتساب کے آزاد و خودمختار ادارے قومی احتساب بیورو کی کارکردگی کو بھی حکومتی رپورٹ کا حصہ بنایا تھا۔

حکومتی رپورٹ میں نیب کی کارکردگی شامل کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نیب حکومتی ادارہ ہے، اس لیے اس کی کارکردگی آنی چاہیے لیکن میں ذاتی طورنیب کی کارگردگی سے خوش نہیں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی کارکردگی کا حکومتی کارکردگی رپورٹ میں آنے پر سوال بنتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تسلیم کرتے ہیں ملک میں مہنگائی ہوئی ہے اور عام آدمی کے استعمال کی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ چینی، آٹے سمیت عام آدمی کے استعمال کی 17 اشیاء مہنگی ہوئیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بطور سیاسی حکومت عوام کو فرق نہیں پڑے گاکہ کتنا بڑاڈیم بھی بنا جب تک مہنگائی کم نہ ہو۔

خیال رہے کہ اپوزیشن الزام عائد کرتی رہی ہے کہ نیب آزاد ادارہ نہیں بلکہ حکومتی ادارہ بن چکا ہے لیکن اب حکومتی کارکردگی رپورٹ میں نیب کی شمولیت نے ادارے کی آزادانہ حیثیت پر ایک اور سوال کھڑا کردیا ہے۔

مزید خبریں :