19 اگست ، 2020
بھارتی سپریم کورٹ نے بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ رواں برس 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار نے خودکشی کی ہے۔
سشانت کی موت کے بعد سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کیوں کہ سشانت کے گھر سے خودکشی کے حوالے سے کوئی خط بھی نہیں ملا تھا۔
ان کی مبینہ خودکشی کی وجہ مالی حالات، فلمی کیریئر میں رکاوٹیں اور ذہنی صحت بتائی جارہی ہے۔
اداکار کی موت کی تحقیقات پر عمل داری اور اختیارات کے معاملے پر سشانت کی آبائی ریاست بہار اور ممبئی پولیس کے درمیان تنازع بھی چل رہا تھا۔
اب بھارتی سپریم کورٹ کے سنگل بنچ نے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ بہار حکومت کا سی بی آئی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ درست ہے۔
بھارتی عدالت عظمیٰ نے ممبئی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقدمے سے متعلق اب تک اکھٹے کیے گئے تمام ثبوت سی بی آئی کے حوالے کرے۔
سشانت کے اہلخانہ نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا ہے اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔
سشانت کی موت کے بعد بالی وڈ میں ایک بار پھر اقربا پروری کی بحث شروع ہوگئی ہے اور سشانت کی موت کا ذمہ دار بھی ایسے ہی رویوں کو قرار دیا جارہا ہے۔
سشانت سنگھ نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ 'کس دیش میں ہے میرا دل' سے کیا تھا بعد ازاں انہوں نے فلم 'پی کے' میں سرفراز کا کردار ادا کیا جس سے وہ کافی مقبول ہوئے، علاوہ ازیں سُشانت سنگھ نے ’ایم ایس دھونی'، 'کیدارناتھ' اور 'رابطہ' جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی۔