دنیا
Time 19 اگست ، 2020

اسرائیل سے رابطوں کے بیان پر سوڈانی وزارت خارجہ کے ترجمان برطرف

حیدر بداوی نے گذشتہ روز بیان دیا تھا کہ سوڈان کا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ہے،فوٹو:فائل

سوڈان نے اسرائیل سے رابطوں کے بیان پر وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوی صدیق کو برطرف کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حیدر بداوی صدیق کے بیان پر شدید حیرت ہے، ان کو کسی نے اس معاملے پر بات کرنے کا نہیں کہا تھا۔

سوڈانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  سوڈان نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی اور نہ ہی ایسی کوئی بات وزارت خارجہ میں زیر بحث آئی ہے۔

 حیدر بداوی نے اپنی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کا احترام کرتے ہوئے انہیں بتائے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے لیے خفیہ طور پر کیا چل رہا ہے۔

واضح رہے کہ حیدر بداوی نے گذشتہ روز مقامی میڈیا اور غیرملکی خبر ایجنسی کو بیان دیا تھا کہ سوڈان کا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

حیدر بداوی کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ تعلقات سوڈان کے مفاد میں قائم کیے جائیں گے اور  امن معاہدہ رواں برس یا اگلے برس کے اوائل تک ہوگا۔

مزید خبریں :