08 ستمبر ، 2012
دبئی … پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کیخلاف فتح بہت اہم ہے، تمام کھلاڑیوں نے سخت دباوٴ میں اچھا پرفارم کیا، آسٹریلوی کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ بہت مواقع ملے لیکن فائدہ نہیں اٹھاسکے، اچھے آغاز کو مڈل آرڈر بیٹنگ سنبھال نہ سکی۔ دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد ایوارڈ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ سعید اجمل اور عمر گل نے عمدہ بولنگ کی، ورلڈ کپ سے پہلے عمر گل کا ردھم میں آنا خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے سخت دباوٴ میں اچھا پرفارم کیا، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف فتح بہت اہم ہے۔ اس موقع پر آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہمیں بہت مواقع ملے لیکن فائدہ نہیں اٹھا سکے، ہمارے بولرز نے بولنگ اچھی کی تاہم کھلاڑیوں کی فیلڈنگ کچھ خراب رہی۔ آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ میں اچھے آغاز کو مڈل آرڈر بیٹسمین سنبھال نہیں سکے۔ مین آف دی میچ ایوارڈ قرار دیئے گئے پاکستانی اسپنر سعید اجمل نے کہا کہ ہم نے لائن لینتھ پر بولنگ کی اور جیت گئے۔ سپر اوور نہ کرانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بازو میں تکلیف کی وجہ سے سپر اوور نہیں کرایا۔