22 اگست ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے بیانیے سے عوام کو اب بے وقوف نہيں بناسکتے، نواز شریف پنجاب حکومت کی درخواست پر قانونی طریقے سے علاج کرانے گئے ہیں۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے حکومتی نمائندوں کے بیانات کے ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست نواز شریف سے شروع اور ان کے نام پر ختم ہوتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 2 سالہ بدترین کارکردگی کو عمران خان این آر او کے بیانیے سے عوام کو اب بے وقوف نہیں بنا سکتے،عمران خان جہانگیر ترین کو لندن سے بلانے کے لیے متعلقہ قانونی آپشنز استعمال کرنے کی ہدایت کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آٹا 78 روپے سے 33 روپے کرنے کے لیے بھی متعلقہ آپشنز استعمال کرنے کی ہدایت کریں،اور عوام کی خدمت پر بھی اپنی ٹیم کو “گو سلو پالیسی” ترک کرنے کی ہدایت کریں۔
ترجمان ن لیگ کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ ، 13000 ارب کا قرضہ ، مالم جبہ ، بلین ٹری سونامی ، چینی، آٹا اور پیٹرول چوری کے لیے کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کریں۔
خیال رہے کہ گذشہ روز ایک تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میں شریف فیملی کو بھی کوئی شک نہیں کہ وہ ٹھیک ہیں، اب نواز شریف لندن میں پھر رہے ہیں، کافیاں پی رہے ہیں، نواز شریف کی طبیعت اب ٹھیک ہے، کیا جاتے ہوئے بھی اتنی ہی طبیعت خراب تھی؟
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نوازشریف کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کر چکی ہے اور آئندہ ہفتے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے کارروائی کا آغاز کرے گی۔