23 اگست ، 2020
خیبرپختونخوا حکومت نے پشاورکی بس رپیڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی) بسوں میں نسوار ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
مسافروں کو تلاشی کے بعد ہی اسٹیشن میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے اور نسوار نکلنے پر وہاں موجود ڈبوں میں پھینک دی جاتی ہے۔
پشاور کی بی آر ٹی بسوں میں نسوار ساتھ رکھنے کے حکومتی فیصلے کی جہاں تائید کی جاتی ہے تو وہیں نسوار کے عادی افراد اس فیصلہ کے حامی نہیں ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف نسوار ہی نہیں بلکہ تخریب کاری میں استعمال اور گندگی کا باعث بننے والی اشیاء پر بھی پابندی ہے۔
نسوار کے عادی افراد کا کہنا ہے کہ نسوار کے استعمال پر پابندی درست فیصلہ ہے تاہم نسوار ساتھ نہ رکھنے کا فیصلہ ٹھیک نہیں، اس طرح انھیں بار بار نسوار خریدنا پڑے گی۔
جدید سہولتوں سے آراستہ نئی بسوں میں صفائی کا خاص خیال رکھنے سے متعلق شہریوں کی ایک ہی رائے ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔
خیال رہے کہ 13 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔