Time 25 اگست ، 2020
پاکستان

سینیٹ میں دو اہم بل مسترد کرنے پر وزیراعظم کی اپوزیشن پر سخت تنقید

سینیٹ میں آج اپوزیشن نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق دواہم اینٹی منی لانڈرنگ اور اسلام آباد وقف املاک بل مسترد کیے: وزیراعظم— فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں ڈلوانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں آج اپوزیشن نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق دواہم اینٹی منی لانڈرنگ اور اسلام آباد وقف املاک بل مسترد کیے۔

انہوں نے کہا کہ خود غرض اپوزیشن رہنماؤں کا ذاتی مفاد، ملکی اور قومی مفاد سے متصادم ہے، اپوزیشن کے گرد احتساب کا گھیرا تنگ ہورہا ہے تو اپوزیشن اپنی کرپشن کی رقم بچانے کی کوشش میں پارلیمان کی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا سے نمٹنے کی حکومت کی مؤثرحکمت عملی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں، اب اپوزیشن ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی پاکستان کوششوں کوسبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اپنی لوٹ مارکو بچانے کے لیے اپوزیشن جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن پاکستان کو فیٹف کے بلیک لسٹ میں ڈلوانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن حکومت کودھمکیاں دیتی رہتی ہے کہ این آر او نہیں دیا تو حکومت گرادیں گے، چاہے کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت کسی قسم کے این آر او کی اجازت نہیں دے گی، کسی بھی قسم کا این آر او قوم کے اعتماد کو دھوکا دینے کے مترادف ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے نے ملکی قرضے میں چار گنا اضافہ، معیشت کو تباہ کرنے والوں کو این آراودیا، اب مزید کوئی این آر او نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :