کراچی کے مسائل کے حل کیلئے چوہدری شجاعت کا وزیراعظم کو مشورہ

وفاق میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا  ہے کہ وہ خود کراچی جائیں اور مسائل کا تعین کریں۔

اپنے بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ وزیر اعظم خود کراچی جائیں، وہاں ایک ہفتہ رہیں اور مسائل کا تعین کریں۔

صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے تجویز  دی کہ وزیراعظم جا کر دیکھیں ان کے احکامات پر عمل درآمد ہوا ہے یا نہیں ؟ لوگ کراچی کی صفائی کے بجائے ہاتھ کی صفائی دکھاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرسال کراچی ڈوبتا ہے اورسب ایک دوسرے پر الزامات لگا کر بری الذمہ ہوجاتے ہیں،کبھی صفائی کا مسئلہ کھڑا ہو تا ہے،کبھی برساتی پانی کا، کوئی چیز درست نہیں کی گئی۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ ہمیشہ اختیار کا رونا رویا جاتا ہے ،کراچی میں اختیارات کا مطلب صرف پیسہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت کراچی کے تین بڑے مسائل کے حل پر کام کرے گی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بارش سے کراچی کے عوام کی تکالیف کا پوری قوم کو احساس ہے، مشکل گھڑی میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کراچی کے تین بڑے مسائل کے حل پر کام کرے گی، شہر میں نالوں کی صفائی کے ساتھ تجاوزات کو مکمل ہٹایا جارہا ہے جب کہ کچرے اور سیوریج کے مسائل کا مستقل حل نکالا جارہا ہے۔

مزید خبریں :