31 اگست ، 2020
کراچی: کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن ہیڈ احسن انیس نے دعویٰ کیا ہےکہ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاوہ اس وقت بڑے پیمانے پر کسی علاقے میں بجلی بند نہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن انیس نے کہا کہ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاوہ علاقوں میں پانی اتنی دیر جمع نہیں رہا، ڈیفنس کے 4 سے 5 علاقوں میں پانی موجود ہے جب کہ بخاری کمرشل، نشاط کمرشل اور اتحادکمرشل کے علاقوں میں بھی پانی موجود ہے، اس سلسلے میں سی بی سی اور واٹر بورڈ حکام سےرابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیفنس کے6 علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، ان علاقوں میں پانی کی نکاسی کے بعد 6 سے 12 گھنٹوں میں بجلی بحال ہوگی۔
احسن انیس کا کہنا تھا کہ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاوہ اس وقت بڑے پیمانے پرکسی علاقے میں بجلی بند نہیں ہے، صارفین بھی کہہ رہےہیں کہ فلیٹس کی بیسمنٹ میں پانی موجودہے لہٰذا نکاسی تک بجلی نہ کھولیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں 27 اگست کو ہونے والی طوفانی بارش نے جہاں شہر میں تباہی پھیلائی وہیں کے الیکٹرک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا جس سے شہر کے بیشتر علاقے 40 گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے جب کہ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں پچھلی 4 روز سے بجلی معطل ہے۔