01 ستمبر ، 2020
کراچی: کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سلیم وٹو نے بارش میں ہونے والے نقصان پر مالی مدد کرنے سے انکار کردیا۔
سی بی سی کے سی ای او سلیم وٹو کا کہنا تھا کہ ڈیفنس بخاری کمرشل، نشاط کمرشل اور توحیدکمرشل سے آئندہ 48 گھنٹوں میں نکاسی مکمل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ رقم بچانے کے لیے سڑکوں کے بیچ میں ڈرینیج سسٹم بنائے گئے تھے لہٰذا علاقے میں ڈرینیج سسٹم موجود ہے اور بارش کے پہلے 5 اسپیلزکا پانی اسی سسٹم میں گرا۔
سلیم وٹو کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ ایسے مسائل پیش نہ آئیں، ہمارے فنڈ بہت کم ہیں، نقصانات میں کسی کی مالی مدد نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 27 اگست کی طوفانی بارش کے بعد ڈیفنس اور کلفٹن سے پانی کی نکاسی نہ ہونے اور بجلی کی عدم فراہمی پر گزشتہ روز ڈیفنس کلفٹن کے رہائشیوں نے سی بی سی دفتر کے سامنے احتجاج کیا تھا جس میں مظاہرین نے ادارے کے آڈٹ اور سی ای او کے استعفے کا مطالبہ کیا۔