01 ستمبر ، 2020
فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی ناپاک جسارت پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان فرانسیسی میگزین کے گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنےکے فیصلےکی شدیدمذمت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہناہے کہ ایسے سوچے سمجھے عمل کا مقصد ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنا ہے، اس عمل کو پریس یا اظہار رائے کی آزادی کا جواز نہیں دیاجا سکتا۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزیدکہا ہےکہ ایسی سرگرمیوں سے دنیا میں امن اور بین الامذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچتاہے۔
خیال رہے کہ متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو نے ایک بار پھر شان رسالتﷺ میں گستاخی کرتے ہوئے توہین آمیزخاکے شائع کردیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق میگزین کی جانب سے شائع کیے گئے توہین آمیز خاکے وہی ہیں جن کے ردعمل میں 7 جنوری 2015 کو اس میگزین پر حملہ کیا گیا تھا جس میں خاکے بنانے والا شخص اور دیگر 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔