پاکستان
Time 02 ستمبر ، 2020

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے 35 افراد جاں بحق ہوگئے

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے حادثات میں 35 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں  سیلابی ریلوں سے کئی رابطہ پل بہہ گئے ہیں اور درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

ضلع تورغر میں پہاڑی تودہ مکان پرگرنے سے7 اور مانسہرہ کی تحصیل اوگی میں4افراد جاں بحق ہوئے، بٹگرام کی تحصیل الائی میں پہاڑی تودہ گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوئیں جب کہ بونیر میں مکان پرمٹی کا تودہ گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لوئرکوہستان اور مانسہرہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے جب کہ سوات میں بھی مختلف واقعات میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

صوبے بھر میں بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے، بالاکوٹ کےدریا میں میاں بیوی سمیت 9 افراد بہہ گئے  جن کی تلاش جاری ہے۔

دریائے کنہار، دریائے سندھ اور سرن کی قریبی آبادی کو نقل مکانی کرنےکی ہدایت کردی گئی ہے جب کہ دیربالا میں سیلابی ریلے میں لکڑی کے چار پل اور دو پن چکیاں بہہ گئیں، چترال میں سیلاب سے ریشن کے مقام پرگاؤں کا بڑا حصہ دریا برد ہوگیا۔

آزاد کشمیرمیں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں10افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور  بیشتر اضلاع میں شدیدبارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں بند ہیں۔

گلگت بلتستان میں لینڈ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور تحصیل پھنڈر کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جب کہ ضلع غذر میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سےکئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

مزید خبریں :