01 ستمبر ، 2020
دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی ہے، 5 سالہ بچی سمیت 2 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ متعدد مقامات پر رابطہ پل تباہ اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
دریائے سوات میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث ندی نالے بھی بپھر گئے ہیں، دریا کنارے آباد ہو ٹلز خالی کرالیے گئے ہیں۔
کالاٹ کے مقام پرایک شخص اور مدین میں 5 سالہ بچی دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، راحت کوٹ میں ایک شخص دریا میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا جب کہ مدین میں ہی سیلاب میں پھنسے 13 افراد کو بچا لیا گیا۔
بشی گرام پل بہنے کے بعد مدین کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، مدین اور بحرین میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس سے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پانی کی تیز موجوں سے جہاں رابطہ پل متاثر ہوئے ہیں وہی ٹراؤٹ مچھلی کے درجنوں فارمز بھی دریا برد ہو گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور سیاحوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
تیز بارش اور سیلابی پانی سے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا جس کے باعث لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔