دنیا
Time 05 ستمبر ، 2020

ٹرمپ کی پوری کوشش ہے کہ صدارتی انتخابات ملتوی ہو جائیں: جو بائیڈن

امریکا کے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں فراڈیا قرار دے دیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ آخرکتنی بار صدر ٹرمپ ایسی باتیں کہیں گےکہ آپ صرف یہ لکھنے سے رہ جائیں کہ وہ فراڈیا ہیں؟ امریکی صدر کو قوم کے لیے مثال ہونا چاہیے اور جو وہ کہتے ہیں اس پر انہیں قائم رہنا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ عظیم دوئم میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کو شکست خوردہ قرار دینے پر ردعمل میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ سے متعلق جریدے میں شائع مضمون درست ہے تویہ انتہائی شرمناک ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو اس حوالے سے ان تمام امریکی فوجیوں کےگھر والوں سے معافی مانگنی چاہیے جن کے پیارے جنگوں میں مارے گئے ہیں۔

آئندہ صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کے حریف کا کہنا تھا کہ میں زندگی میں کسی شخص سے اس قدر مایوس نہیں ہوا جتنا ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوا ہوں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آخر روسی صدرپوٹن سےاس قدر خوفزدہ کیوں ہیں؟ کوئی بھی ملک امریکی انتخابات پر اثرانداز ہو رہا ہو تویہ امریکا کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ممکنہ طور پر کوشش یہی ہے کہ الیکشن ملتوی کر دیے جائیں، اگر میں امریکا کا صدر بنا تو الیکشن میں کسی بھی مداخلت کا جواب دیا جائےگا۔

خیال رہے کہ امریکا میں 3 نومبر کو نئے صدارتی الیکشن ہو رہے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے  اکثریتی امریکی ریاستوں نے ڈاک کے ذریعے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور نارتھ کیرولینا میں تو بیلٹ گھروں پر بھیجنے کا آغاز  بھی ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بذریعہ ڈاک ووٹنگ کی مسلسل مخالفت کی جارہی ہے، انہوں نے متعدد بار بذریعہ ڈاک ووٹنگ کے عمل کو فراڈ کہہ کر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح انتخابات میں بیرونی مداخلت کا امکان ہے اس لیے بہتر ہے کہ انتخابات کو ملتوی کر دیا جائے۔

مزید خبریں :