پاکستان
Time 05 ستمبر ، 2020

1100 ارب روپے کا پیکج کراچی کا حق ہے، فیصل سبزواری

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کاکہنا ہےکہ   کراچی کئی سو ارب روپے جمع کراتا ہے، 1100 ارب روپے کا پیکج کراچی کا حق ہے۔

کراچی میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کاکہنا تھاکہ جو وعدے کیےگئے وہ کراچی کاحق ہے،کراچی کی مردم شماری ہی درست نہیں تو تمام چیزیں کیسے مہیا کی جائیں گی۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کے معاملے پر سندھ حکومت نے متحدہ سے مشاورت نہیں کی، وزیراعظم کو تحفظات پہنچادیے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ کراچی میں تیزی سے ترقیاتی کام شروع ہو۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کرکراچی کے مسائل حل کریں گی،کچھ منصوبے ایک سال اور کچھ 3 سال میں مکمل ہوں گے، کراچی کےحل کے لیے سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، وزیراعظم سے کے فور اور ایس تھری کے منصوبے پر بھی بات ہوئی ہے، منصوبے 3سال میں مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں غیر معمولی بارش کے نقصانات پر بھی بات ہوئی ہے،کمیٹی بنائی گئی ہے جو تمام معاملے کو دیکھی گی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی میں شہر قائد کے لیے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ 1100 ارب کے پیکج میں کراچی کے سیوریج کا مسئلہ بھی حل کریں گے،سالڈ ویسٹ کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا، شہر میں سرکلر ریلوے بھی اسی پیکج میں مکمل کریں گے، شہر کی سڑکیں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل بھی حل کریں گے۔

مزید خبریں :