06 ستمبر ، 2020
لا پتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) کے افسر ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا۔
اعلامیے کے مطابق کمیشن کے سربراہ نے ساجد گوندل کی گمشدگی سے متعلق سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ساجد گوندل کے اہل خانہ کو بھی بدھ کے روز ذاتی طور پر طلب کر لیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کی گمشدگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں ان کی والدہ، بچوں، اہلیہ اور خاندان کے افراد و دوستوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ساجد گوندل کی گمشدگی کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
ساجد گوندل کی والدہ نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، نا ہی کسی پر کوئی الزام ہے، بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ ساجد گوندل کو باحفاظت ہمیں واپس لوٹا دیا جائے۔
خیال رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل 2 روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے۔
ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افسر کو پیر تک بازیاب کرانے کا حکم دے رکھا ہے، عدالت نے حکمنامے میں کہا کہ پیر کو دو بجے تک ساجد گوندل بازیاب نہ ہوئے تو سیکرٹری داخلہ خود پیش ہوں۔