Time 10 ستمبر ، 2020
پاکستان

وزیر اعظم نے کراچی میں 5 سالہ بچی اور موٹروے پر خاتون سے زیادتی کا نوٹس لے لیا

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں 5 سالہ بچی اور لاہور کے قریب موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ آئی جیز سے مذکورہ واقعات کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات ہمارے سماجی اقدار کے منافی اور سوسائٹی پر بدنما داغ ہیں۔

وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں گجر پورہ موٹر وے پر پیٹرول ختم ہونے پر خاتون کی گاڑی بند ہو گئی تھی کہ اس دوران دو مسلح افراد کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو موٹر وے سے نیچے لے گئے اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خاتون سے لوٹ مار بھی کی جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

خاتون کو زیادتی سے پہلے اور زیادتی کے دوران تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، روتے بلکتے بچوں کے سامنے بازوؤں اور ٹانگوں پر ڈنڈے مارے گئے، ڈولفن فورس رات 2  بجے مدد کو پہنچی تو گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا ملا، اہلکار کھائی میں اترے تو خاتون نے خوف کے مارے کہا کہ میرے قریب نہ آنا اور نڈھال ہوکر بے ہوش ہوگئی۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان تک پہنچنے کے لیے ثبوت مل گیا ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ موٹروے پر پیش آنے والے واقعے کے کیس میں اب تک بہت اچھا کام ہوا ہے، ہم اس گاؤں تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے ملزمان کا تعلق ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ 20 ٹیمیں اس پر کام کر رہی ہیں اور اس انویسٹی گیشن کو ڈی آئی جی خود دیکھ رہے ہیں، جلد از جلد ملزمان گرفتار ہوں گے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ 70 ملزمان کی پروفائلنگ کرلی، جیو فینسنگ بھی کرالی ، زیر حراست 12 ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

ادھر کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں 5 سال کی مروہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم بھی گرفتار ہوگیا ہے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزم نواز بچی کا پڑوسی ہے جو دیگر مشتبہ افراد کے ساتھ پہلے ہی زیر حراست تھا، شواہد کی بنا پر باقاعدہ اسے گرفتار کرلیا گیا۔

مزید خبریں :