پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2020

خاتون سے زیادتی پر نامناسب بیان، انسانی حقوق کمیٹی نے عمر شیخ کو طلب کرلیا

خاتون کے ساتھ موٹر وے پر جنسی زیادتی کے واقعہ کا سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے نوٹس لے لیا  اور اشتعال انگیز بیان دینے پر کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ  کو بھی طلب کر لیا۔ 

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس 16 ستمبر کو ہوگا۔ چیئرمین کمیٹی مصطفی نواز کھوکھر نے اجلاس میں آئی جی موٹر وے پولیس اور سیکرٹری مواصلات اور سی سی پی او کو طلب کر لیا۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کا اشتعال انگیز بیان نوٹس جاری ہونے کے بعد سنا، سی سی پی او کو غیر حساس بیان پر وضاحت دینے اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔

کمیٹی اجلاس کے ایجنڈا میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری مواصلات ، آئی جی پولیس ، نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کمیٹی کو زیادتی کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔

آئی جی موٹر وے پولیس خصوصی طور پر آگاہ کریں گے کہ موٹر وے پولیس نے متاثرہ خاتون کی کال پر اس کی مدد کیوں نہیں کی۔

مصطفیٰ نواز کھوکر نے کہا کہ خاتون سے زیادتی اور موٹروے پولیس کا مدد کو نہ آنا تشویشناک ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے موٹر وے پر ایک خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاڑی میں پیٹرول ختم ہونے کے باعث متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کر رہی تھی،خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

دوسر ی جانب کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا کہنا کہ اکیلی خاتون کو آدھی رات میں موٹروے سے جانے کی ضرورت کیا تھی،وہ جی ٹی روڈ سےکیوں نہ گئيں جہاں آبادی تھی؟ ان کے اس بیان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :