14 ستمبر ، 2020
اسلام آباد کے ریڈ زون میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر سے ہونے والے جھگڑے پر ایڈیشنل سیشن جج نے مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے درخواست میں مؤقف اختیارکیا ہے کہ پولیس نہ تو ایف آئی آر کا اندراج کر رہی ہے اور نہ ہی معاملے کی تفتیش کر رہی ہے، پولیس کو مقدمہ درج کرنے کےاحکامات جاری کیے جائيں۔
جہانگیر اعوان کے مطابق انہیں ہراساں کیا جارہا ہے، وہ گاڑی میں پیٹرول بھروا رہے تھے کہ دو افراد نے انہیں مارنا شروع کردیا، تشدد سے ان کے سر، منہ، آنکھیں، ناک، ہونٹ اور پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپنی جان بچانے کے لیے انہوں نے فائرکیاجس پرحملہ آور بھاگ گئے۔
دوسری جانب زخمی جج کی میڈيکولیگل رپورٹ بھی تیار ہوگئی ہے جس میں تشدد ،بائيں پیر کی چھوٹی انگلی میں فریکچر، بائيں آنکھ کے اوپر خراش، ناک پر زخم اور چہرے پرخراشوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے واقع پیٹرول پمپ پر جوڈیشل آفیسر اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر میں جھگڑا ہواتھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں ایم پی اے کے شوہر کو گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے ایم پی اے عابدہ راجہ کا تھانہ سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری گاڑی پیٹرول پمپ پر کھڑی تھی کسی نے فائرنگ کر دی، گاڑی میں میرے خاوند سوار تھے، فائرنگ کرنے والےکو پولیس نے پکڑ لیا ہے جب کہ جائے وقوع سے پستول کی گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔