پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2020

نامناسب بیان پر خاتون ایم پی اے کا سی سی پی او لاہور کو چوڑیوں اور دوپٹے کا تحفہ

سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی ہے،فوٹو:فائل

پیپلز پارٹی کی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی نے موٹر وے گینگ ریپ واقعے سے متعلق نامناسب بیان پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور  عمر شیخ کو چوڑیوں اور دوپٹے کا تحفہ بھیج دیا۔

نگہت اورکزئی نے  سی سی پی اور لاہور عمر شیخ کے لیے چوڑیوں اور دوپٹے کا تحفہ بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر ان کی اپنی بیٹی زیادتی کا نشانہ بنتی تب بھی وہ یہی بات کرتے؟

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کانشانہ بنانے کے بعد سے پورے ملک میں غم وغصہ پایاجاتا ہے تاہم ایسے موقع پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ایک بیان میں کہا تھاکہ خاتون کو موٹر وے پر چڑھنے سے پہلے پیٹرول چیک کرنا چاہیے تھا اور رات کے وقت بغیرکسی مردکے سفر نہیں کرناچاہیے تھا۔

سی سی پی او کے اس بیان پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے انہیں طلب کیا ہے جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی سی سی پی او کے بیان پر حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب اب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی ہے۔

عمر شیخ نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں، میرا کوئی بھی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا، میں اپنی بہن جس سے زیادتی ہوئی سمیت تمام طبقات سے معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہےکہ اگرچہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی خاتون ممبر نگہت اورکزئی نے چوڑیوں اور دوپٹے کو کمزوری کی علامت کے طور پر استعمال کرتے ہوئے عمر شیخ کو بھیجا ہے  لیکن درحقیقت نہ ہی خواتین اور نہ ان کے پہناوے کمزوری کی علامت بن سکتے ہیں۔

مزید خبریں :