Time 15 ستمبر ، 2020
پاکستان

دھیلےکی نہیں کروڑوں اربوں کی کرپشن کی گئی ہے: چیئرمین نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ دھیلےکی نہیں کروڑوں اربوں کی کرپشن کی گئی ہے۔

نیب ہیڈکوارٹرز میں مضاربہ کیس کے متاثرین میں رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی کامیابی میں نائب قاصد سے لےکر چیئرمین تک سب کوکریڈٹ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کوکسی قسم کا کوئی استثنیٰ حاصل نہیں، ہم ہرکیس کا تمام پہلوں سے جائزہ لے کرمیرٹ پرفیصلہ کرتے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ کوئی بےگناہ ہے اور اس کے خلاف کیس یا ریفرنس بنایا گیا، احتساب یکطرفہ ان کو نظر آتا ہے جن کی آنکھوں پرپٹیاں بندی ہوئی ہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کےفیصلوں سے ہماری رہ نمائی ہوئی ہے، جن لوگوں نے نیب کے قوانین نہیں پڑھے وہ بھی تنقید کرتے ہیں اور بڑے سیاستدان چیئرمین نیب کو مناظرےکاچیلنج کرتے ہیں ،جائز اور غلط تنقید پر ان کا مشکور ہوں،کم ازکم یاد تو رکھا۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ اگر نیب ناکام ادارہ ہوتا تویہ 364 ارب روپے کہاں سے نکلتے؟ تنقید کرنے سے پہلے آئین اور قانون کودیکھ لیں، 1200 ارب روپے کے ریفرنس کے معاملات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں ،دھیلےکی نہیں کروڑوں اربوں کی کرپشن کی گئی ہے،کیسزکا جلد ازجلد فیصلہ ہوگا تو دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ نیب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیےکوشاں ہیں، 2017 سے پہلے کی نیب کارکردگی پرکچھ نہیں کہیں گے۔

مزید خبریں :