پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2020

طیارہ حادثے کے بعد پی آئی اےکے مسافروں میں واضح کمی ہوئی ہے، وزیر ہوا بازی

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی  غلام سرور خان کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) کی شہرت کو دھچکا لگا ہے اور  پی آئی اے کے مسافروں میں واضح کمی ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں دیے گئے تحریری جواب  میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ حادثے کے اصل اثرات کا تعین مزید چند ماہ گزرنے کے بعد ہی ممکن ہے،حادثے کے باعث اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ معاوضے کی ادائیگی انشورنس کمپنی کرےگی، جاں بحق افراد کے ورثا اور 2 بچ جانےوالے مسافروں کو 10لاکھ روپے فی کس ادا کیے جاچکے ہیں جب کہ قانونی کارروائی کے بعد فی مسافر ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ رواں سال 22 مئی کو  لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

حادثے کے بعد پی آئی اے سے سفر کرنے والوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد  گذشتہ ماہ پی آئی اے کا کراچی سے اسلام آباد اور لاہورکا یکطر فہ کرایہ 7 ہزار 879 روپے تک کم ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :