دنیا
Time 17 ستمبر ، 2020

’ٹرمپ نے زبردستی بوسہ لیا، دست درازی کی‘، سابقہ ماڈل کا الزام

اس سے قبل درجن سے زائد خواتین ٹرمپ پر ایسے ہی الزامات لگاچکی ہیں ،فوٹو گارڈین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر  ماضی کی مشہور ماڈل نے جنسی حملے کا الزام لگایا ہے۔

ایک سابقہ ماڈل ایمی ڈورس نے برطانوی اخبار کو انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ 1997 میں نیویارک میں ہونے والے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وی آئی پی سوئیٹ میں انہیں ہراساں کیا اور زبردستی بوسہ لینے سمیت انہیں غیر اخلاقی طور پر چُھوا۔

ایمی ڈورس نے جنسی حملے سے متعلق جو تاریخ بتائی ہے اس وقت وہ 24 سال کی تھیں جب کہ ٹرمپ 51 سال کے تھے اور اپنی دوسری اہلیہ مارلا میپلس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جنسی ہراسگی اور حملے کے الزامات لگانے والی یہ پہلی خاتون نہیں بلکہ اس سے قبل درجن سے زائد خواتین ان پر ایسے ہی الزامات لگاچکی ہیں جن میں ایک معروف  امریکی کالم نگار خاتون  جین کیرل بھی شامل ہیں جن کے مطابق 1990 میں ٹرمپ نے انہیں ڈپارٹمنٹل اسٹور کے چینجنگ روم میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم ایسے الزامات کے باوجود ٹرمپ الیکشن جیت کر وائٹ ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور اب تازہ الزام بھی ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدارتی انتخاب سر پر آگئے ہیں جن میں ٹرمپ ایک بار پھر ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں۔

2016 میں صدر بننے سے قبل انتخابی مہم کے دوران بھی کئی خواتین نے ٹرمپ پر جنسی ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے جنہیں ٹرمپ نے ہمیشہ مسترد کیا ہے۔ 

مزید خبریں :