Time 19 ستمبر ، 2020
پاکستان

’تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق جلد بازی کا کوئی بھی فیصلہ تعلیم کو تباہ کرے گا‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق جلد بازی کا کوئی بھی فیصلہ تعلیم کو تباہ کرے گا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں شفقت محمود نے کہا کہ طلبہ کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے کوئی بھی فیصلہ وزارت صحت کی سفارشات کی روشنی میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 6 ماہ تعلیمی ادارے بند ہونے سے طلبہ کا بہت نقصان ہوا اور تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ مکمل احتیاط کے ساتھ کیا گیا لہٰذا اب اس حوالے سے جلد بازی کے کسی بھی فیصلے سے تعلیم تباہ ہوگی۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے 90 فیصد سرکاری اور کم فیسوں والے نجی تعلیمی اداروں کے پاس آن لائن ٹیچنگ کی سہولیات نہیں ہیں اور جب ان اداروں کو بند کریں گے تو بیشتر طلبہ تعلیم سے محروم ہوجائیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تعلیم کا ایک بڑا نقصان ہوا ہے جس کے ازالے میں سالوں لگ سکتے ہیں جب کہ صحت ایک ترجیح ہے اس لیے اس عنصر کو بھی ذہن میں رکھا جائے۔

واضح رہےکہ سندھ میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد صوبائی حکومت نے دوسرے مرحلے میں چھٹی تا آٹھویں جماعت کے  لیے اسکولز کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔


مزید خبریں :