21 ستمبر ، 2020
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہمپشائر کے ساتھ کاؤنٹی سیزن میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا جو انہیں مستقبل میں کام آئے گا، ان کی نظریں اب پاکستان سپر لیگ پر ہیں اور خواہش ہے کہ لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
20 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے ہمپشائر کی جانب سے 7 میچز میں 7 وکٹیں لیں جس میں سے 6 وکٹیں انہوں نے اپنے آخری میچ میں حاصل کیں۔ مڈل سکس کے خلاف اپنے آخری میچ میں انہوں نے 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
میچ کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں شاہین آفریدی نے کہا کہ ابتدائی میچز میں وہ ایسی پرفارمنس نہیں دے پائے کہ جس کی کاؤنٹی کو ان سے امید تھی لیکن پھر بھی کاؤنٹی نے سپورٹ کیا اور آخری میچ میں وہ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔
شاہین آفریدی کہتے ہیں کہ کاؤنٹی سیزن کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا جو مستقبل میں کام آئے گا، آخری میچ میں ان کی کوشش تھی کہ ٹارگٹ پر بولنگ کریں اور زیادہ سے زیادہ ڈاٹ بالز کرائیں، خوش ہیں کہ وہ ایک ریکارڈ ساز بولنگ کرنے میں کامیاب رہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی نمایاں پرفارمنس دینا چاہتے ہیں، نومبر میں ہونے والے لیگ کے بقیہ میچز میں اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔
شاہین آفریدی اب تک لیگ میں 13 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور لیڈنگ وکٹ ٹیکر محمد حسنین سے 2 وکٹ پیچھے ہیں، وہ اس پی ایس ایل میں لیڈنگ وکٹ ٹیکر بننا چاہتے ہیں۔