Time 21 ستمبر ، 2020
پاکستان

اپوزیشن ملاقاتوں کی خواہشمند ہوتی ہے اور اداروں کو متنازع بھی بناتی ہے: مراد سعید

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ملاقاتوں کے خواہشمند ہوتے ہیں اور اداروں کو متنازع بھی بناتے ہیں۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ سیلاب، زلزلہ یا کورونا ہو تو اس پر فوج کی مدد لی جاتی ہے، اداروں کو متنازع نہ بنایا جائے، یہ لوگ ملاقاتوں کے لیے وقت مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جو اے پی سی میں بات چیت ہوئی، اس پربھارت میں جشن منایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ فوج نے ان کو واضح پیغام دیا کہ فوج کو سیاست میں نہ لےکر آئیں، یہی لوگ اداروں کو ٹارگٹ کرتے ہیں اورپھر ملاقات کے لیے وقت مانگتے ہیں، اپوزيشن کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے ہونے والی ملاقات میں سب نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے پی سی اعلامیے کے مطابق اکتوبر اور نومبر میں ملک کے صوبائی دارالحکومتوں (کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور) سمیت دیگر بڑے شہروں میں مشترکہ جلسے کیے جائیں گے اور دسمبر میں دوسرے مرحلے میں صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی عوامی ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے جب کہ جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :