دنیا
Time 21 ستمبر ، 2020

فرانس سے لیے گئے بھارتی رافیل طیاروں کی چینی سرحد کے قریب پروازیں

رافیل کی پروازیں ایسے وقت ہورہی ہیں جب دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان سرحدی علاقوں کے حوالے سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے،فوٹو:اے ایف پی

جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے چینی سرحد کے قریب حال ہی میں فرانس سے  لیے گے نئے جنگی طیاروں کی آزمائشی پرواز کی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رافیل  طیاروں کی آزمائشی پرواز لداخ میں  چین سے ملحقہ سرحد کے قریب کی گئی جہاں گذشتہ جون میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان خونی جھڑپ ہوئی تھی جس میں 20 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

خیال رہے کہ بھارت اور فرانس کے مابین 2016 میں ہونے والے معاہدے کے تحت بھارت کو  36 رافیل طیارے موصول ہونے ہیں، پہلا رافیل بھارت کو گذشتہ اکتوبر میں دیا گیا تھا جب کہ 5 رافیل رواں سال 30جولائی کو بھارت پہنچے تھے جنہیں 10 ستمبر کو باقاعدہ طور پر بھارتی فضائیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ان طیاروں کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے مخالفین کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے'۔

بھارتی فضائیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ رافیل جنگی طیاروں نے لداخ سمیت ہمارے آپریشنل علاقوں میں آزمائشی پروازیں کی ہیں۔

خیال رہے کہ چینی سرحد کے قریب بھارت کی جانب سے رافیل طیاروں کی یہ پروازیں ایسے وقت ہورہی ہیں جب دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان سرحدی علاقوں کے حوالے سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔

جون میں ہونے والی خونی جھڑپ کے بعد رواں ماہ ستمبر میں ہی چین بھارت سرحد پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں بھارتی فوج کے تبت ریجن سے تعلق رکھنے والا اسپیشل فورسز کا اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔

دونوں ممالک کے فوجی کمانڈرز کے درمیان حال ہی میں تناؤ کو کم کرنے لیے مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔

اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ چینی سرحد پر رافیل طیاروں کی پروازوں کا آغاز کب کیا گیا تاہم اے ایف پی کے فوٹو گرافر نے اسے  آج پیر کو لداخ میں پرواز کرتے دیکھا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے فرانس سے 2016 میں 59 ہزار کروڑ روپے کے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھاتاہم معاہدے میں کرپشن کی خبریں سامنے آنے کے بعد اس کی خریداری التواء کا شکار ہوگئی تھی تاہم  گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپوں میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد اس معاہدے پر پیش رفت میں تیزی آئی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے  پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی‘۔

مزید خبریں :