پاکستان
Time 22 ستمبر ، 2020

نیب نے مولانا فضل الرحمان کو طلب کرلیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طلب کرلیا۔

نیب ذرائع  کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پر مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں، مولانا فضل الرحمان کو یکم اکتوبر کو نیب خیبر پختونخوا سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے کہا گیا ہے کہ وہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ثبوت دیں، مولانا فضل الرحمان کو نیب کے پی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر اسرار الحق کے سامنے پیش ہونےکا کہا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جواب سے مطمئن نہ ہونے پر گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

مولانا کی نیب میں طلبی سے معلوم ہوتا ہے تیرنشانے پر لگا، حافظ حسین احمد

مولانا فضل الرحمن کی نیب طلبی پر ترجمان جے یو آئی حافظ حسین احمد نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ احتساب کے نام پر نیب کو انتقام اور اپنی بقا کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ اے پی سی کے بعد مولانا فضل الرحمان کی نیب میں طلبی سے معلوم ہوتا ہے تیرنشانے پر لگا، اپوزیشن رہنما حکومت کے خلاف رفتار تیز کرتے ہیں تو نیب کا اسپیڈ بریکر استعمال کیا جاتا ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ ادویات، چینی، گندم اسکینڈل سمیت بی آرٹی اور مالم جبہ جیسے میگا اسکینڈلز سامنے آئے، نیب ان اسیکنڈلز پر خاموش ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں ہوئی تھی جس میں مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوئے تھے۔

اے پی سی میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور حکومت کیخلاف مرحلہ وار تحریک شروع کرنا کا اعلان کیا گیا تھا۔

اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر نیب کے ذریعے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

مزید خبریں :