دنیا
Time 22 ستمبر ، 2020

لبنان: حزب اللہ کے اسلحے کے گودام میں دھماکے سے متعدد عمارتیں تباہ

حزب اللہ کے مطابق واقعہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا— فوٹو: سوشل میڈیا

لبنان میں حزب اللہ کے اسلحے کے گودام میں زور دار دھماکےکے باعث متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لبنان کے جنوبی صوبے تفاح کے دیہاتی علاقے عین قنا میں پیش آیا جہاں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے اسلحے کے گودام میں ہونے والے دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھااور دھوئیں کے بادل دو دراز علاقوں میں بھی نظر آئے۔

مقامی میڈیاکاکہنا ہے کہ دھماکا حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو میں ہوا جس کے باعث متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جب کہ درجنوں عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں اور کئی گاڑیاں ملبے تلے آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم حتمی تعداد یا زخمیوں کی صورت حال کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں آسکی ہیں۔

حزب اللہ کے اہلکاروں نے الجزیرہ نیوز کو بتایا ہے کہ واقعہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے دھماکے کے وقت اسرائیلی جاسوس طیارے علاقے میں پروازیں کرتے ہوئے دیکھے گئے جو منگل کی صبح سے مسلسل پرواز کر رہے تھے۔

دھماکے کے بعد لبنانی عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ گذشتہ ماہ بھی بیروت کی بندرگاہ پر ایک گودام میں زوردار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں کم ازکم 200 افراد ہلاک اور ساڑھے 6ہزار زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں سیکڑوں عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھیں اور 3 لاکھ کے قریب افراد بے گھر ہوگئے تھے۔

حکام کے مطابق دھماکا امونیم نائٹریٹ کے گودام میں ہوا تھا تاہم دھماکے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے حوالے سے ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

مزید خبریں :