گوگل Pixel 5 کی قیمتیں لیک، iPhone 12 کیلئے نیا چیلنج

گوگل پکسل 5/لیک فوٹو

گوگل کے نئے اسمارٹ فون پکسل 5 کی قیمتیں لیک ہونے کے بعد ایپل کے نئے آئی فون 12 کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

گوگل اپنا نیا اسمارٹ فون پکسل 5 اسی ماہ لانچ کرنے جا رہا ہے اور اب اطلاعات ہیں کہ گوگل نے اس کی قیمتوں میں واضح کمی کی ہے تاکہ صارفین کو اس کی طرف راغب کیا جا سکے۔

معروف ویب سائٹ 9ٹو5گوگل نے کئی اسٹورز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے پاس گوگل کے نئے اسمارٹ فون کی قیمت 499 یوروز تک ہے۔ 

ایک جرمن آن لائن اسٹور نے اپنی ویب سائٹ پر 128 جی بی میموری والے پکسل 5 کی قیمت 629 یوروز اور 128 جی بی میموری والے پکسل 4a کی قیمت 499 یوروز رکھی ہے۔

اسی طرح برطانیہ میں بھی بی ٹی نے اپنی ویب سائٹ پر 128 جی بی پکسل 4a کے 5 جی فون کی قیمت 499 پاؤنڈز تحریر کی لیکن بعد میں اس صفحے کو ہی ہٹا دیا گیا۔ تاہم مور کمپیوٹرز نامی اسٹور نے اپنی ویب سائٹ پر اس فون کی قیمت 513.32 پاؤنڈز رکھی ہے۔

اگر مذکورہ بالا قیمتوں کو ڈالرز میں تبدیل کریں تو گوگل پکسل 5 کی قیمت 736 ڈالرز جب کہ 4a کے 5 جی ٹیکنالوجی والے فون کی قیمت 584 ڈالرز کے لگ بھگ بنتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پکسل 5 اور 4a فائیو جی کی قیمتیں اس سے بھی کچھ کم ہو سکتی ہیں۔

مگر یہاں یہ بات اہم ہے کہ کسی بھی ملک میں اسمارٹ فونز کی قیمتیں صرف کرنسی کنورژن کے ذریعے نہیں جانچی جا سکتیں کیونکہ مقامی ٹیکسز بھی ان پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گوگل نے اپنا سابقہ فون پکسل 4 کم از کم 799 ڈالرز کے ساتھ لانچ کیا تھا اور اگر اُس قیمت کا پکسل 5 کی ممکنہ قیمت کے ساتھ موازنہ کریں تو نیا اسمارٹ فون تقریباً 200 ڈالرز سستا ہو گا۔

یہی وجہ ہے کہ پکسل 5 کی قیمتوں میں کمی آئی فون بنانے والی امریکی کمپنی ایپل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو گی جو کہ نیا آئی فون 12 بھی لانچ کرنے جا رہی ہے۔

مزید خبریں :