Time 23 ستمبر ، 2020
پاکستان

کلفٹن مبینہ ریپ: لڑکی کے ہاتھ کے زخم سے متعلق نیا انکشاف

کراچی کے علاقے کلفٹن میں لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے معاملے میں میڈیکل رپورٹ نے نئے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کے کپڑوں سے نمونے حاصل کئے گئے ہیں، لڑکی کے بازو پر ایک زخم ہے لیکن لگتا ہے کہ وہ خود لگایا گیا۔

دوسری جانب تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دونوں مرکزی ملزمان کا تعلق جیکب آباد سے ہے، کلفٹن میں ان لڑکوں نے ایک فلیٹ کرائے پرلے رکھا تھا، اور اسی فلیٹ میں لڑکی کو لے جایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ 21 ستمبر کو پیش آیا اور 22 ستمبر کی دوپہر لڑکی کی بہن نے پولیس کو 15 پر اطلاع دی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ لڑکی کے نیم بیہوشی میں ملنے کے شواہد نہیں ملے، لڑکی واقعے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے خود گھر گئی۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ملنے والا ملزم کا نمبر اس کے والدین کے نام پر رجسٹرڈ ہے، لڑکی کی جانب سے پولیس کو دیےگئے ایک موبائل نمبر سے متعلق تفتیش مکمل کرلی گئی ہے، لڑکی کے مطابق ملزمان نے یہ نمبر اسے دیا تھا، موبائل نمبر ایک با اثر شخص کا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے مطابق مذکورہ نمبر وقوعے کی جگہ استعمال نہیں ہوا جب کہ واقعے کے روز بااثر شخص کی مصروفیات بھی چیک کی گئی ہیں جس کے بعد بااثر شخص کے خلاف واقعے میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے تاہم اس شخص کے بچوں کا ڈیٹا بھی چیک کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ لڑکی کی نشاندہی پرکلفٹن کے ایک فلیٹ پر چھاپا بھی مارا گیا لیکن اس میں ملزمان گرفتار نہیں ہوسکے۔

مزید خبریں :