دپیکا، شردھا اور سارہ علی خان تحقیقات کیلئے طلب

دپیکا کو 25 ستمبر جب کہ شردھا کپور اور سارہ علی خان کو 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے: بھارتی میڈیا رپورٹس— فوٹو: فائل 

بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے اور صف اول کی اداکاراؤں کی طلبی کے سمن جاری کردیے ہیں۔

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تحقیقات سے شروع ہونے والا معاملہ بالی وڈ میں منشیات کے استعمال تک پہنچ گیا ہے اور بڑے بڑے نام اس جال میں پھنستے نظر آرہے ہیں۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر بالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی منشیات مانگنے کی واٹس ایپ چیٹ وائرل ہوئی تھی جس کے بعد اداکارہ بھی شک کے دائرے میں آئی ہیں جب کہ اس معاملے پر دپیکا کی منیجر کو بھی سمن جاری کیا گیا تھا تاہم وہ خرابی صحت کے باعث پیش نہ ہوسکیں تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این بی سی نے منشیات سے متعلق تفتیش کیلئے بالی وڈ کی صف اول کی اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، شردھا کپور، سارہ علی خان اور راکول پریت سنگھ کو سمن جاری کردیے ہیں۔

دپیکا کو 25 ستمبر جب کہ شردھا کپور اور سارہ علی خان کو 26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق راکول پریت سنگھ کو کل بلایا گیا ہے جہاں ان سے منشیات کے معاملے پر تحقیقات کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ کیس میں منشیات کے معاملے پر اب تک ریا چکرورتی سمیت 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد بالی وڈ میں بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :