پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2020

بھارت نے اب تک 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا،دفتر خارجہ

 دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے اب تک جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد بار  پوچھنے کے باوجود بھارت نے گذشتہ ماہ راجستھان کے ضلع  جودھ پور میں قتل ہونے والے  11 پاکستانی ہندوؤں کے حوالے سے تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا۔

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور عالمی میڈیا کو  بھی ایل او سی کے دورے کے لیے خوش آمدید کہا جب کہ بھارت ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں عالمی برادری کو جانے کی اجازت نہیں دے رہا، بھارتی فوج کے سنگین جنگی جرائم کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کو  یکسرمسترد کرتا ہے، بھارت کا کوئی غیرقانونی قدم قابل قبول نہیں، بھارت کشمیریوں سے حق رائے دہی چھیننا چاہتا ہے، جون سے اب تک بھارت نے ہزاروں جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں۔

زاہد حفیظ کاکہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر محاذ گرم رکھے ہوئے ہے،اس سال اب تک 2300 سے زائد سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ابھی بھی غیرقانونی محاصرہ جاری ہے، پاکستان نے 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے،2 ماہ بعد بھارتی فوج نے 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا اعتراف کیا، پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارتی فوج کا بیان مظالم اور جرائم کا اعتراف ہے۔

 ترجمان نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کا اجلاس ورچوئل ہورہا ہے، وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کریں گے، وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کی صورت حال، اسلاموفوبیا اور کووڈ 19 کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو اپنے خطاب میں اجاگر کریں گے۔

مزید خبریں :